نیٹو یوکرین میں لڑنے کے لئے فوج بھیجے، فرانس کا مطالبہ

March 01, 2024

پیرس (نیوز ڈیسک) فرانس نے یوکرین میں لڑنے کے لیے نیٹو فوجی بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ روس کی شکست یورپ کی سلامتی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹو میں ابھی اتفاق رائے نہیں مگر کچھ خارج از امکان نہیں، نیٹو کا پہلے طیارے، ٹینک اور میزائل بھیجنے پر بھی اتفاق نہ تھا۔ صدر ایمانویل میکرون کا کہنا ہے کہ یوکرین کو سائبر ڈیفنس صلاحیت دی جانی چاہئے، مالدوا او بیلاروس کے سرحدی علاقوں کا تحفظ کرنا چاہئے۔ دوسری جانب اس معاملے پر روس کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ کریملن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فوج یوکرین بھیجی گئی تو نیٹو سے براہ راست جنگ ہوگی، ہائبرڈ جنگ مسلط کی گئی تو انتہائی منفی نتائج کیلئے تیار رہیں۔ امریکہ میں روسی سفیر کا کہنا ہے کہ امریکہ اندازہ نہیں کرسکتا صورتحال کے نتائج کیا ہوں گے۔