وزیرِاعظم شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

March 04, 2024

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا ۔ پی ایم ایل این

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دوسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔

ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں صدرِ مملکت عارف علوی نے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری سے قبل قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔

تقریبِ حلف برداری میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آصف زرداری، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔

تقریبِ حلف برداری میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِاعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم، استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا ۔ پی ایم ایل این

مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی وزیرِ اعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔

حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف وزیرِ اعظم ہاؤس میں تشریف لے آئے جہاں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی۔

شہباز شریف گزشتہ روز وزیرِ اعظم منتخب ہوئے

واضح ہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار محمد شہباز شریف 201 ووٹ لے کر قائدِ ایوان منتخب ہو گئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کیے، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جے یو آئی ف کے ارکان نے بائیکاٹ کرتے ہوئے رائے شماری میں شرکت نہیں کی۔

شہباز شریف ملک کے 24 ویں وزیرِ اعظم اور 16 ویں قائدِ ایوان منتخب ہوئے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ، پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے شہباز شریف کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جنہوں نے پاکستان کے نو منتخب وزیرِاعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا ٹیلی فون کیا۔