پی ایس ایل9 : بابر اعظم کیمرے سے ڈرگئے

March 12, 2024


حریف ٹیم کو اپنے چھکے، چوکوں سے خوف زدہ کرنے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کیمرے سے ڈر گئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو اس کے آخری میچ میں 2 رنز سے شکست دی۔

جس طرح پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا مقابلہ دلچسپ رہا اسی طرح اس میچ سے بابر اعظم کی ایک دلچسپ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس ویڈیو میں بابر اعظم کو ایک کیمرے سے خوف زدہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ وائرل ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ پی ایس ایل 9 کے 29 ویں میچ میں بابر اعظم حریف ٹیم کو مقررہ ہدف کے تعاقب سے روکنے کے لیے اپنی ٹیم کی رہنمائی کرنے میں مشغول ہیں۔

ابھی پشاور زلمی کے کپتان اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو باونڈری پر کھڑے ہونے کا اشارہ کرہی رہے تھے کہ اچانک ایک اسپائڈر کیمرہ عقب سے ان کے سر پر آجاتا ہے۔

کیمرے کی موجودگی سے لاعلم بابر اعظم اچانک کیمرے کو دیکھ کر ڈر جاتے ہیں۔

بابر اعظم کے اسپائڈر کیمرے سے خوف زدہ ہوتے ان مناظر کو میدان میں موجود ایک اور کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا جبکہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔