ننھی بچی کی مسجد الحرام میں کھجوریں تقسیم کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

March 20, 2024

مکہ مکرمہ سے مسجد الحرام میں عازمین کو کھجوریں تقسیم کرتے ہوئے ایک ننھی بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

یہ ویڈیو ڈیجیٹل کریئٹر زرمین خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلوار قمیض پہنے اور سر پراسکارف اوڑھے ایک ننھی سی بچی عازمین کو کھجوریں تقسیم کر رہی ہے جبکہ تمام عازمین ننھی بچی کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھنے کے بعد اس کے ہاتھوں میں تھامی تھال سے ایک ایک کھجور اُٹھا کر جاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

زرمین خان نے اس ویڈیو کے کیپشن میں یہ بھی بتایا ہے کہ یہ ننھی سی بچی جو عازمین کو کھجوریں تقسیم کر رہی ہے ان کی بھانجی ہے۔

انسٹاگرام پر اب تک اس ویڈیو کو 20 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لائیک کیا جا چُکا ہے۔

اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بچی کی خوب تعریفیں کرنے اور اسے دعائیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔