پشاور، گھر میں تیار کی جانیوالی جعلی ادویات، مردان سے منشیات کا مٹیریل برآمد

March 27, 2024

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ایف آئی اے کی ٹیم کی مدد سے پشاور میں چھاپہ مارا جس میں سیفن چوک بڈھ بیر کے علاقے میں واقع رہائشی گھر میں جعلی ادویات کی تیاری اور ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی۔ دوسرے چھاپے میں ڈرگ کنٹرول مردان نے ایف آئی اے کی مدد سے مردان کے علاقے شنکر میں کارروائی کی جہاں سے منشیات کی جعلی تیاری اور ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی۔ دونوں چھاپوں کے دوران مشینری، خام مال اور دیگر پیکیجنگ میٹریل برآمد کر لیا گیا جبکہ جعلی ادویات کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز، محکمہ صحت نے صوبے کے تمام اضلاع میں جعلی ادویات کی لعنت کے خلاف مشترکہ سرگرمیوں کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں تاکہ خیبرپختونخوا کی مارکیٹ سے جعلی ادویات کا خاتمہ جا سکے۔