سنیل گروور نے 7 برس قبل کپل شرما کے ساتھ فلائٹ معاملے پر خاموشی توڑ دی

March 27, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

معروف بھارتی کامیڈین اور ہندی و پنجابی فلموں کے اداکار سنیل گروور نے 7 برس قبل کپل شرما کے ساتھ فلائٹ والے معاملے پر خاموشی توڑ دی، ان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ دراصل پبلسٹی اسٹنٹ تھا۔

انہوں نے بدھ کو پرمزاح انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ اصل میں نیٹ فلکس کے بھارت میں اسٹریمنگ سے بہت پہلے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے کپل کے پاس واپس آنے سے وہ محسوس کرتے ہیں جیسے ان کی گھر واپسی ہوئی ہے، وہ کپل شرما اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرکے بہت خوش ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ دونوں 7 برس بعد ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کےلیے دوبارہ یکجا ہوئے ہیں۔ شو کے پریمیئر سے قبل کپل اور سنیل گروور نے پریس کانفرنس کی اور بدنام زمانہ فلائٹ کے واقعے پر گفتگو کی۔

اس موقع پر سنیل نے مزاحیہ انداز میں جملہ چسپاں کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے ختم ہونے والے اختلاف کی وجہ کئی برس پرانا پہلے سے تیار منصوبہ تھا۔

ہمیں نیٹ فلکس نے بلا کر کچھ کرنے کو کہا جس پر ہمارے ذہن میں یہ آئیڈیا آیا۔ تاہم کپل نے اس موقع پر سنجیدگی سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سنیل اس دوران کئی پروجیکٹس میں مصروف رہے جس کی وجہ سے ہم اکٹھے کام نہ کرسکے۔