صوبہ بھرمیں قیدیوں سے کھانا پکانے کی سہولت واپس لینے کا اقدام چیلنج

March 29, 2024

پشاور(نیوزرپورٹر)سینٹرل جیل پشاور سمیت صوبہ بھر میں قیدیوں سے خود کھانا پکانے کی سہولت واپس لینے کے اقدام کو پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔ آئین کے آرٹیکل199کے تحت دائررٹ میں جیل انتظامیہ کیجانب سے قیدیوں کی بیرکوں میں بجلی بورڈ ہٹانے کے اقدام کوکالعدم قرار دینے اوربورڈواپس بحال کرنے کی استدعاکی گئی ہے۔ نعمان محب کاکاخیل ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاورجیل کے حوالاتیوں وصی اللہ اور طفیل نے آئی جی جیل خانہ جات، انتظامیہ اوردیگرحکام کوفریق بنایا۔ بناتے ہوئے موقف اختیارکیاہے کہ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے پشاورجیل سمیت صوبہ بھرکی جیلوں کی بیرکوں سے بجلی کے بورڈ ہٹانے کےلئے سرکلرجاری کیاہے جبکہ پرزنر رول2018کے تحت قیدیوں کواپنے لئے کھاناخود تیار کرنے کی اجازت موجود ہے اوربجلی کے ان بورڈ ز سے قیدی اپنے لئے کھاناتیارکرتے ہیں جوان کاقانونی حق ہے ۔جیل انتظامیہ کے اس اقدام سے وہ اب اس سہولت اوراپنے بنیادی حق سے بھی محروم ہو گئے ہیں ۔