والدین کی علیحدگی کے باوجود ہم ایک ہی گھر میں رہتے ہیں: شہزاد شیخ

March 29, 2024

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہزاد شیخ کا کہنا ہے کہ والدین کی علیحدگی کے باوجود ہم ان کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔

حال ہی میں شہزاد شیخ نے ساتھی فنکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنی زندگی کے تلخ تجربات، اپنے کیرئیر اور مختلف امور پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی اور ان کی بہن و اداکارہ مومل شیخ کی پروریش میں ان کی والدہ زینت منگی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ والدین کی علیحدگی کے باوجود والدہ نے کبھی بھی والد (جاوید شیخ) سے ملنے سے کبھی نہیں روکا بلکہ جب بھی گرمیوں کی چھٹیاں آتی تھی تو وہ ہم دونوں کو چھٹیاں گزارنے کے لیے لاہور بھیجتی تھیں تاکہ ہم اپنے والد اور دیگر کزنز کے ساتھ وقت گزار سکیں۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے کزنز وغیرہ سے قریب ہیں۔

انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ اب تمام گھر والے ایک ساتھ ہی والد کے گھر میں رہتے ہیں۔ والد نچلی منزل پر رہتے ہیں جبکہ والدہ بالائی منزل پر رہتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں والدین کی آنکھوں میں پچھتاوا آج بھی نظر آتا ہے کہ انہوں نے طلاق کا فیصلہ غلط لیا لیکن ان کے جھگڑے آج بھی ویسے ہی چلتے رہتے ہیں۔

شہزاد شیخ نے ایسے جوڑے جو بچوں کے ہونے کے باوجود کسی وجہ سے طلاق لینا یا علیحدگی چاہتے ہیں، انہیں مشورہ دیتے یوئے کہا کہ جب بھی آپ اس طرح کو کائی بھی فیصلہ لیں جو بچوں کی زندگی کو بھی متاثر کرے، اسے حتمی شکل دینے سے قبل ایک بار بچوں کو بھی اعتماد میں لیں بصورت دیگر یہ ان کی زندگی کو بہت بری طرح متاثر کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں سینئر اداکار جاوید شیخ نے بھی اپنے طلاق پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی پہلی اہلیہ زینت منگی سے علیحدہ ہونا نہیں چاہتے تھے اور انہیں اپنی پہلی شادی ختم ہونے کا افسوس آج بھی ہے، جس کی وجہ سے بچے شہزاد اور مومل تکلیف سے گزرے۔

یاد رہے کہ جاوید شیخ کی پہلی شادی فلم انڈسٹری میں باضابطہ قدم رکھنے سے قبل ان کی پسند سے زینت منگی سے ہوئی تھی، ان دونوں کی شادی تقریباً 3 برس رہی مگر ذہنی ہم آہنگی نہ ہوسکی جس کی وجہ سے ان کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی، ان کے دو بچے شہزاد شیخ اور مومل شیخ ہیں۔