وزیراعظم شہباز شریف کا عربی زبان میں خطاب، سعودی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، وزیراعظم کے خطاب کی جھلکیاں

April 14, 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو اسلام آباد میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام سیرت نبویؐ کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں رسول اللہ کی تعلیمات کے فروغ کیلئے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم کے خطاب کے دوران عربی زبان میں والہانہ جذبات کے اظہار نے تقریب کے شرکاء کو حیران کردیا۔ بالخصوص رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم اور دیگر عربی مہمانوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریر کا آغاز اور اختتام عربی زبان سے کیا جسے تقریب کے شرکاء نے بہت سراہا۔ وزیراعظم نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا سعودی عرب نے دل کھول کر پاکستان ساتھ دیا۔ فیصل مسجد سے لے کر سیرت میوزیم کے قیام کے منصوبہ جات پاکستان سے سعودی عرب کی محبت کا عملی ثبوت ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بہت جلد اعلیٰ سطح کا سعودی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اسلاموفوبیا کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا رہا ہے۔ سیرت میوزیم اسلامو فوبیا کے ناپاک پراپیگنڈہ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔