پاکستان والی بال ٹیم کے نئے کوچ روبن وولوچن نے ذمے داریاں سنبھال لیں

April 16, 2024

پاکستانی والی بال ٹیم کے کوچ روبن وولوچن

پاکستان والی بال ٹیم کے نئے کوچ ارجنٹائن کے روبن وولوچن نے اسلام آباد میں جاری قومی کیمپ میں اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہے۔

ان کا پہلا ٹاسک 8 مئی سے اسلام آباد میں کھیلی جانے والی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ ہے جس میں پاکستان کے علاوہ ایران، افغانستان، سری لنکا، کرغزستان، قازقستان، بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی، بھارت نے اس ایونٹ میں شرکت کےلئے تاحال دوبارہ تصدیق نہیں کی ہے۔

قومی ٹیم کے نئے کوچ روبن نے فون پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، میں نے ان کو کوریا میں ایشین چیمپئن شپ اور اسلامک گیمز میں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، جہاں کچھ مقابلوں میں ان کو ٹپس بھی دیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ایک سال کے لئے معاہدہ کیا ہے جس میں توسیع ہوسکتی ہے، پاکستان ایشیا اور عالمی سطح پر والی بال کا ایک مضبوط ملک ہے۔

30 جون 1970 کو ارجنٹائن میں پیدا ہونے والے روبن وولوچن اپنے ملک کی ٹیم کے ہیڈ کو چ رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ ایران، مراکش، بحرین، ترکی، جرمنی، اسپین سمیت کئی ملکوں کی ٹیموں کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہیں زبان کا کوئی مسئلہ نہیں، کئی پاکستانی کھلاڑی انگریزی سمجھ لیتے ہیں، میں نے ایک مترجم بھی ساتھ رکھا ہوا جو انہیں سمجھا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل والی بال لیگز کی بھی ضرورت ہے جس سے انہیں سال بھر بڑی ٹیموں اور کلبوں کے ساتھ مصروف اور خود کو فٹ رکھنے کا موقع ملتا ہے، میں ان میں سے دو تین کا ارجنٹائن کے کلب کے ساتھ معاہدے کی کوشش کروں گا، ایک سال میں کوشش ہوگی کہ پاکستان کی عالمی اور ایشیائی درجہ بندی میں بہتری لاسکوں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا معاہدہ یکم اپریل سے شروع ہوا ہے، وہ کراچی اور لاہور میں بھی جاکر کھلاڑیوں کو کوچنگ دیں گے، ان کے معاہدے میں قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی کوچنگ شامل ہے۔