وزیر خزانہ کی امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداران سے ملاقات

April 18, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداران سے ملاقات کی ہے۔

اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی حکام کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع، توانائی کے شعبے کو ہموار کرنا اور نج کاری ترجیح ہے۔

ملاقات میں متبادل توانائی، زراعت، آب و ہوا اور ٹیک انڈسٹری کے معاملات پر گفتگو بھی ہوئی۔

وزیرِ خزانہ نے پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔