قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی میں معاہدہ

April 19, 2024

اسلام آباد( رپورٹ،حنیف خالد ) قدرتی آفات سے نمٹنے اورخطرات کے تدارک میں تعاون کو فروغ دینے کیلئےنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (IRC) نے معاہدہ پر دستخط کر دیئے ۔ معاہدہ متعلقہ اداروں کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافے کے علاوہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کے اقدامات کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرے گا اور دونوں ادارے قومی اور صوبائی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجربات کے تبادلے کے لئے مشترکہ اقدامات بھی کریں گے۔ شبنم بلوچ، کنٹری ڈائریکٹر آئی آر سی پاکستان اور این ڈی ایم اے کےرضا اقبال نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی اس موقع پر موجودتھے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسی آپریشن سینٹر نے اگلے 6ماہ کے دوران متوقع خطرات اور ہنگامی صورتحال کے بارے میں جامع لائحہ عمل تشکیل دیا ہے۔