پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا

April 26, 2024

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، سیریز میں مہمان ٹیم کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

آج لاہور میں بارش کے باعث مہمان ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن ممکن نہ ہو سکا، سیریز کے تمام میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔

پاکستان ٹیم کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں گرین شرٹس نے ایک کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں کیویز کامیاب رہے۔

5 میچز کی سیریز میں مہمان ٹیم تو شکست کے خوف سے باہر ہے، کیونکہ اس نے آخری میچ جیتا تو سیریز اس کے نام اور ہارے تب بھی شکست نہیں ہوگی۔

امکان ہے پاکستان ٹیم پانچویں میچ میں بھی ایک سے دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر سیریز کے تمام میچز براہ راست نشرکر رہا ہے۔