اتنا لمبا چٹکلَہ نہ چھوڑیں: مشی خان نے ابرار الحق کو آڑے ہاتھوں لے لیا

April 27, 2024

پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے پنجابی گلوکار ابرار الحق کو بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کیساتھ فلم کی پیشکش مسترد کرنے سے متعلق بیان پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’اتنا لمبا چٹکلَہ نہ چھوڑیں بلکہ چھوٹے چٹکلے چھوڑیں‘۔

حال ہی میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گلوکار ابرار الحق کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا تھا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہیں بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کیساتھ فلم کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم آزادی اظہار رائے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے فلم مسترد کردی اور کنٹریکٹ سائن نہیں کیا۔

تاہم اب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مشی خان نے نئی ویڈیو شیئر کی اور ابرار الحق کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

مذکورہ ویڈیو میں مشی خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ روز روز ایسی مزیدار خبریں سننے کو ملتی ہیں جن پر سمجھ نہیں آتا کہ ہنسا جائے یا رویا جائے۔ ابھی میں نے ایک خبر سنی کہ ابرار الحق کو کترینہ کیف کے ساتھ فلم آفر ہوئی اور انہوں نے منع کردی۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار سے سوال کیا اور کہا کہ میری نظر میں یہ سال کا بہترین لطیفہ ہی ہوسکتا ہے۔ پوڈکاسٹ اور سوشل میڈیا تو بہت پہلے ہی آچکا تھا، تو ابرار الحق صاحب آپ کو یہ فلم کس سن میں آفر ہوئی تھی اور آپ تب کیوں نہیں بولے اتنی دیر بعد کیوں خیال آیا؟۔

مشی خان ابرار الحق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی چھوڑںے کے بعد آپ کا اور کچھ دیگر لوگوں کے دماغوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ کیا اس عمر میں اور زندگی کی اس نہج یہ بات کرنے والی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک بڑے مزے کا ملک ہے، جہاں شوبز کے علاوہ بھی روز مزے مزے کی خبریں سننے کو ملتی ہیں۔

انہوں نے گلوکار کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ ابرار الحق صاحب اتنی لمبی لمبی نہ چھوڑیں کہ ہضم نہ ہو اور لوگ ہنس ہنس کے گرجائیں۔ چھوٹے چھوٹے چٹکلے چھوڑیں مگر اتنا لمبا والا چٹکلا نہ چھوڑیں۔