سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 8 ماہ گزرنے کے باوجود نہیں ہوسکا؛ بیورو کریسی مایوس

April 28, 2024

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 8ماہ گزرنے کے باوجود نہیں ہوسکا ، پاکستان ایڈ منسٹر یٹو سروس پولیس سروس‘ فارن سروس ‘ سیکر ٹیریٹ گروپ سمیت وفاقی سروس کےگریڈ 19اور20کے 300سے زائد افسروں کی ترقی کا عمل التواء کا شکار ہوگیا جس پر وفاقی بیورو کریسی میں مایوسی اور اضطراب پایا جا تا ہے،آخری اجلاس اگست 2023میں ہوا، 300سے زائدافسران کی گریڈ 20اور 21میں ترقی التواء کا شکار ۔ بیورو کریسی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے در خواست کی ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلا تاخیر بلایا جا ئے تاکہ ترقی کے مستحق افسروں کو ان کا جائز اور قانونی حق بر وقت مل سکے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذ رائع نے بتایا کہ پروموشن پالیسی کے تحت سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس ایک سال میں دو مرتبہ ہو نا چا ہئے لیکن گزشتہ برس صرف ایک اجلاس ہو ۔2023 میں سنٹرل سلیکشن بورڈ کا آخری اجلاس یکم سے 4اگست تک جاری رہا جبکہ اس سال ابھی تک اجلاس نہیں بلایا گیا ۔ رولز کے تحت سنٹرل سلیکشن بورڈ کے چیئر مین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین بلحاظ عہدہ ہوتے ہیںاورچیئر مین ایف پی ایس سی کا اہم عہدہ بھی 8ماہ سے خالی ہے۔ یہ عہدہ اگست میں سابق چیئر مین ایف پی ایس سی شاہد اشرف تارڑ کے مستعفی ہونے کے بعد خا لی ہوا تھاجو نگران کابینہ میں وزیر مواصلات بنے تھے۔ وفاقی حکومت نے ابھی تک اس اہم عہدے پر تقرری نہیں کی ،یہ تقرری نہ صرف وفاقی پبلک سروس کمیشن کے امور بلکہ سنٹرل سلیکشن بورڈکے اجلاس کی صدارت کے نقطہ نظر سے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ بیورو کریسی نے وزیر اعظم سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ چیئر مین ایف پی ایس سی کی فوری تقرری کی جا ئے۔