پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے: شرجیل میمن

April 28, 2024

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن----فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے، مگر ادارے تیار نہیں۔

ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور دوسری طرف منتیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیرِ اعلیٰ دہشت گردوں کی طرح اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے، اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی سے ثابت ہو گیا، پی ٹی آئی کے وزیرِ اعلیٰ کے عزائم دہشت گردانہ ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے پہلے سوشل میڈیا پر اب دارالخلافہ میں دہشت گردی کی باتیں کر رہے ہیں، داخلی گروہ بندی کا شکار پی ٹی آئی کے اندر ہر گروہ کا اپنا بیانیہ ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے پی ٹی آئی کا ہر گروہ ڈیل کی درخواستیں دے رہا ہے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے اداروں کے خلاف مہم چلائی اب انہیں سیاست میں دھکیل کر متنازع بنانا چاہتی ہے، شہریار آفریدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے یہ کیسے عوام کو بیوقوف بنا کر اداروں سے لڑاتے ہیں۔