پنجاب: صحت کی دستک عوام کی دہلیز پر پروگرام جلد شروع ہو گا

April 28, 2024

فائل فوٹو

پنجاب بھر میں عوام کے لیے صحت کی دستک ان کی دہلیز پر پروگرام جلد شروع ہو گا۔

پنجاب کے وزرا صحت سلمان رفیق اور عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں شوگر اور ہیپاٹائٹس ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کی تیاری اور مارکیٹ میں دستیابی کے امور پر گفتگو کی گئی اور نان کمونیکیبل ڈیزیز پروگرام سے ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی اسکریننگ اور دیگر ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

اجلاس میں عمران نذیر نے کہا کہ عوام کے لیے صحت کی دستک ان کی دہلیز پر پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انسولین، شوگر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات مریضوں کے گھروں میں پہنچانے کا میکنزم وضع کر لیا ہے۔

وزیرِ صحت پنجاب کا کہنا ہےکہ الٹرا ساؤنڈ کی سہولت بھی مریضوں کے گھروں تک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری اسپتالوں میں انسولین وافر مقدار میں موجود ہے۔

اجلاس میں سلمان رفیق نے کہا کہ کلینکس آن ویلز کے ذریعے تنگ علاقوں اور دیہی آبادیوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔