دبئی ایئرپورٹ سے تمام آپریشنز المکتوم ایئرپورٹ منتقل کئے جائینگے

April 29, 2024

دبئی (سبط عارف) دبئی نے اپنے موجودہ ہوا بازی کے مرکز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام آپریشنز کو اگلی دہائی کے اندر جدید ترین المکتوم ایئر پورٹ پر منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر دیا۔ مستقبل کے ائیرپورٹ پر 400جہاز بیک وقت مسافروں کو سروس فراہم کرسکیں گے، ائیرپورٹ پر ایوی ایشن سیکٹر میں پہلی بار نئی ایوی ایشن ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا۔دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ کے اطراف نیا شہر ’دبئی ساؤتھ‘ بسایا جائے گا، دبئی ساؤتھ میں 10 لاکھ افراد کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کے المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کو اگلی دہائی کے دوران دنیا کے سب سے بڑے ہوابازی کے مرکز میں تبدیل کرنے کے منصوبوں کا انکشاف کیا۔ 2010 میں قائم المکتوم ہوائی اڈہ، جو دبئی انٹرنیشنل سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، عالمی ہوابازی کے نئے مرکز کے طور پر اہمیت کی جانب بڑھے گا، جو امارات کے سفر میں ایک اہم لمحہ ہوگا۔ عالمی ہوائی سفر کو نئے سرے سے متعین کرنے کے لیے تیار کیے گئے اس منصوبے میں جدید ترین مسافر ٹرمینلز، جدید ایوی ایشن ٹیکنالوجیز اور ہوائی اڈے کے ارد گرد ایک وسیع و عریض شہری میٹروپولیس کی تعمیر شامل ہے۔