ن لیگ کی اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کے معاملے پر وضاحت

April 29, 2024

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے سینیٹر اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کے معاملے پر وضاحت کردی۔

اس حوالے سے ن لیگ پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بنانے کے بعد جو بدمزگی پیدا ہوئی تھی، اُسے ختم کرنے کےلیے انہیں نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا گیا ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ تاثردرست نہیں کہ ن لیگ فیملی پارٹی بنتی جارہی ہے، اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نہ بنانے سے ایک بدمزگی چلتی آرہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے رشتے داری نہ بھی ہوتی تو بھی وہ اس عہدے کے مستحق تھے، پارٹی اور حکومت میں سوچ تھی کہ اسحاق ڈار کو اس طرح عزت دی جائے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ نائب وزیراعظم کا عہدہ سیاسی طور پر عزت دینے والی بات ہے، خود مجھے وزارت دینے کا معاملہ اب نواز شریف کے پاس ہے، وہ اس پر جو چاہیں فیصلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ایک رائے تھی کہ حکومت نہ لی جائے دوسری رائے حکومت لینے کی تھی، نواز شریف چین سے واپسی پرپارٹی کی سینئر قیادت سے بات چیت کریں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں حکومت پی ٹی آئی کے حوالے کردیں، پی ٹی آئی اگر کل صبح اپنی اکثریت ثابت کرے، تو اپنی حکومت بنا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کے مارچ پر کوئی کریک ڈاؤن نہیں ہوگا اور نہ ہونا چاہیے، ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں گے، وہ ہمارے برے وقت کے ساتھ ہیں، کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا۔