گوداموں سے ضبط کروڑوں کا سامان جلد واپس کیاجائے ،مرکزی انجمن تاجران

May 01, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماؤں نے کسٹم انٹیلی جنس ، ایف بی آر اور دیگر اداروں کی جانب سے تاجروں کے گوداموں پر چھاپوں و تاجروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گوداموں سے ضبط کیا گیا کروڑوں روپے کا سامان فوری طور پر واپس اور تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر تاجرنان کسٹم انٹیلی جنس، ایف بی آر اور دیگر اداروں کے دفاتر کا گھیراؤ سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ یہ بات مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ ، حضرت علی اچکزئی ، یٰسین مینگل ، گودام ایسوسی ایشن کے حاجی عبداللہ ، انجمن تاجران سورج گنج بازار کے منظور ترین ، حاجی سعد اللہ اچکزئی ، عالم خان کاکڑ ، حاجی باری اچکزئی ، حاجی محمد جان آغا ، حاجی محمد نواز ، سولر ایسوسی ایشن کے سردار ولی ، حاجی محمد ہاشم ، حاجی محمد عیسیٰ ، حاجی رحمت اللہ ، حاجی داؤد اچکزئی ، امیر جان آغا ، حاجی عبداللہ اچکزئی ، کلیم اللہ کاکڑ اور دیگر نے منگل کو کسٹم انٹیلی جنس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ قبل ازیں مرکزی انجمن تاجران کے زیراہتمام تاجروں کے گوداموں اور دکانوں پر چھاپوں ، تاجروں پر مبینہ فائرنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی مقررین نے کہا کہ صوبے کے عوام کا روزگارکا واحدذریعہ تجارت اور بارڈر ٹریڈسے منسلک ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے بارڈر بھی مکمل طور پر بند ہونے سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔رہی سہی کسر کسٹم انٹیلی جنس ، ایف بی آر اوردیگر اداروںکے چھاپوں نے پوری کردی ہے۔ گزشتہ روز جب گودام پرچھاپے کے بعد تاجر وہاں اکٹھے ہوئے تو ان پرمبینہ فائرنگ کردی گئی جس کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر گوداموں پرچھاپوں اور سامان ضبط کرنے کا سلسلہ بند نہ کیاگیاتو متعلقہ اداروں کے دفاتروں کے گھیراؤ،شٹرڈاؤن سمیت احتجاج کا ہرراستہ اختیارکیا جائے گا۔