منشیات کا خاتمہ و عادی افراد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے،مقررین

May 20, 2024

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے اور عادی افراد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تمام محکموں کو مربوط انداز میں آگے بڑھنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنانا ہوگی،ان خیالات کااظہار جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلرپروفیسرظہور احمد بازئی نے جامعہ بلوچستان اور اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے زیر اہتمام جامعہ بلوچستان میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے پی ایس سی ریجنل ڈائریکٹر کمانڈر بلوچستان بریگیڈیئر عدنان دانش خان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نےبھی شرکت کی،اس موقع پر مقررین نے کہاکہ خاندانوں کے ملاپ کو معاشرہ کہتے ہیں اور معاشروں سے قومیں بنتی ہیں، نتیجہ یہ کہ ایک نشہ باز ساری قوم کے لیے وبالِ جان بن جاتا ہے۔نشہ کے ڈیلر قوم سے رقم بٹور کرقوم کو تباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں ایسے افراد جو قوم کو نشے کی لت لگاتے ہیں۔ ملک و ملت کے ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نفع نقصان جانے بغیرتفریح کےطور پر نشہ آور اشیاء استعمال کرنے لگتے ہیں۔ نشہ جسم کے ساتھ دماغ کو بھی منجمد کر دیتا ہے، اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے والدین کوبھرپورکردارادا کرنا ہو گا۔ انہیں گھر میں بچوں سے دوستانہ رویہ رکھنا ہوگا ۔اپنے بچوں کوبری صحبت سے بچانےکے لیےانہیں صحت افزا سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لئے ضروری ہےکہ طلبہ تنظیمیں اور اساتذہ حکومت کا ساتھ دیں اور حکومت کو چاہیے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرئے۔