کرغزستان میں بلوچستان کے3سو طلباء زیرتعلیم ہیں‘ ساجد حسین

May 20, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے رہائشی ماہر تعلیم ساجد حسین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کرغزستان میں زیر تعلیم بلوچستان کے 300 سے زائد طلباء و طالبات کو حالات کی خرابی کے باعث واپس لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کے خاندانوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرابیٹا اور بیٹی کرغزستان میں زیر تعلیم ہیں جبکہ کرغزستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے 300 سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں، وفاقی حکومت وحکام دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کوتو واپس لارہے ہیں لیکن بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے والدین سے فی طالب علم 1 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی جارہی ہے۔ انہوں نے گورنر شیخ جعفر مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی ،صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سمیت دیگر سے اپیل کی کہ صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے بلوچستان کےطلباء و طالبات کو کرغزستان کے بگڑتے حالات اور بد امنی کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے واپس لانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ والدین میں پائی جانے والی تشویش اور بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔