لیبر ڈے پر گوگل کا نیا ڈوڈل جاری

May 01, 2024

—فائل فوٹو

دنیا بھر میں آج محنت کشوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے بھی اس موقع پر مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نیا ڈوڈل جاری کیا ہے۔

مزدوروں کا عالمی دن ہر سال یکم مئی کو منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں مزدوروں کی کامیابیوں اور شراکت کو یاد رکھا جا سکے۔

فوٹوـــ اسکرین شاٹ

اس موقع پر مزدوروں کے حقوق کے بارے میں بات کرنے کے لیے مختلف قسم کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

دنیا کے کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں مزدوروں کا دن یکم مئی کو نہیں بلکہ مختلف تاریخوں کو منایا جاتا ہے جیسے کہ امریکا اور کینیڈا میں ستمبر کے پہلے پیر کو ’لیبر ڈے (یومِ مزدور)‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن کی تاریخ

1889ء میں سوشلسٹ گروپس اور ٹریڈ یونینز کی ایک بین الاقوامی فیڈریشن نے 4 مئی 1886ء کو امریکی ریاست الینوائے کے شہرشکاگو میں ہونے والے ایک فساد کے بعد مزدوروں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے یکم مئی کو مزدوروں کا دن منانے کا فیصلہ کیا۔

5 سال بعد امریکی صدر گروور کلیولینڈ نے ’لیبر ڈے (یومِ مزدور)‘ منانے کے لیے قانون سازی کی منظوری دے دی جبکہ امریکا کی کچھ ریاستوں میں یہ دن پہلے سے ہی ستمبر کے پہلے پیر کو منایا جا چکا تھا۔

یو ایس ڈپارٹمنٹ آف لیبر کے مطابق اس دن عام تعطیل انیسویں صدی کے آخر میں ہونا شروع ہوئی جب مزدوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان نے امریکا کی طاقت، خوش حالی اور فلاح و بہبود میں مزدوروں کے تعاون کو تسلیم کرنے کے لیے عام تعطیل کے اعلان پر زور دیا۔