محمد شیراز کے والد نے بیٹے سے یوٹیوب چینل چھڑوانے کی اصل وجہ بتادی

May 20, 2024

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی یوٹیوب کی دنیا کے سب سے کم عمر وی لاگر محمد شیراز کے والد نے بیٹے سے وی لاگنگ چھڑوانے کی اصل وجہ بتائی ہے۔

یوٹیوب چینل ’شیرازی ویلیج وی لاگ‘ پر نئی ویڈیو اپلوڈ کی گئی ہے جس میں شیراز یا مسکان کو نہیں بلکہ اِن کے والد کو صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

8 منٹ 3 سیکنڈ کے اس وی لاگ میں محمد شیرازی کے والد نے صارفین کو بتایا ہے کہ ننھے بیٹے سے وی لاگنگ چھڑوانے کی اصل وجہ بیٹے کے رویے میں تبدیلی تھی۔

اُن کا کہنا ہے کہ ننھی سی عمر اور اچانک شہرت مل جانے کے سبب محمد شیراز کا رویہ بدلتا جا رہا تھا، وہ ابھی بچہ اور ناسمجھ ہے ابھی شہرت کو سنبھال نہیں سکتا۔


محمد شیراز اور مسکان کے والد کا کہنا تھا کہ شیراز سیدھا سادہ بچہ تھا، گاؤں میں رہ کر وی لاگنگ کرتا تھا، سب سے اچھے طریقے سے ملتا اور محبت کرتا تھا لیکن شہرت کی وجہ سے شیراز کے رویے میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی تھی، شہرت کی وجہ سے اصل شیراز کہیں کھو گیا تھا اور لوگوں سے بھی اچھے طریقے سے نہیں مل رہا تھا۔

شیراز کے والد نے مزید کہا کہ بیٹے سے اچانک وی لاگنگ چھڑوانے کی پہلی وجہ رویہ اور دوسری وجہ تعلیم تھی۔

انہوں نے بتایا کہ محمد شیراز کو وی لاگ بنانا اتنا پسند ہے کہ وہ جہاں موبائل دیکھتا ہے کہ ویڈیو بنانا شروع کر دیتا ہے، تعلیم مکمل اور سمجھ بوجھ آجانے تک اُن کا بیٹا دوبارہ سے وی لاگنگ شروع کر دے گا۔

واضح رہے کہ شیراز اور مسکان نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک وی لاگ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ اب مزید ویڈیوز نہیں بنائیں گے۔

شیراز نے اپنے اس وی لاگ میں اپنے چاہنے والوں کو بتایا تھا کہ اُنہیں وی لاگز بنانا بہت پسند ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ وی لاگز بنائیں مگر اُن کے والد نے اب انہیں ایسا کرنے سے منع کردیا ہے، اُن کے والد کا کہنا ہے کہ پہلے وہ اور مسکان تعلیم حاصل کریں اور پھر وی لگنگ کی جانب آئیں۔