ریلوے ملازمین ریگولرائزیشن کے زیر التوا کیس سے ذہنی اذیت کا شکار

May 02, 2024

پشاور (لیڈی رپورٹر)ریلوے ورکرز یونین او این لائن ستار و نشان پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عظیم پشاور پریس کلب کے باہر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں پیپلز لیبر بیورو کے صدر ذوالقرنین نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر رحم تاج شینواری، جنرل سیکرٹری ریاض کشمیری اور آرگنائزر فضل قادر خان نے کی شرکاء نے مزدوروں کے حقوق کیلئے نعرے بازی کی جبکہ پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاض کشمیری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملازمین کی ریگولرائزیشن کے زیر التوا کیس کی وجہ سے ملازمین ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ سابقہ ایم این اے قادر خان مندو خیل کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات اور سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے با وجود ملازمین کو مستقل نہ کرنا آئین اور قانون کے منافی ہے اور سالوں سے کام کرنیوالے ہزاروں سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو اپنے حق سے محروم کرنا ہے۔ عدلیہ کا ملازمین کے کیس کو طول دینا مز دوروں کے حقوق کے منافی ہے۔