تعلیم کے شعبے کی بہتری پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، وزیراعلیٰ بلوچستان

May 02, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہبلوچستان میں تعلیم کے شعبے کی بہتری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

کوئٹہ میں ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو ترجیح دیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ کسی نے نوکریاں بیچنے کی کوشش کی تو کارروائی ہوگی، کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کا عزم ہے، شہریوں کا تعاون درکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن نے معاشرے کو بری طرح تباہ کیا ہے، اب ایسا نہیں ہوسکتا کہ اساتذہ گھر بیٹھے تنخواہ وصول کریں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات میں صلاحیتیں موجود ہیں، بلوچستان کا تعلیمی نظام اپ ٹو مارک نہیں ہے۔ یقین ہے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی کی قیادت میں شعبہ تعلیم میں بہتری آئے گی۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیرحاضر اساتذہ کا مسئلہ ہے، 800 غیر حاضر اساتذہ کو معطل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کی بہتری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سکھائیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر بیرون ملک بھیجیں گے، وہ اپنا لوہا ضرور منوائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عمارات پر عمارات کی تعمیر اور بھرتی پر بھرتی جاری ہے، تنخواؤں کےلیے پیسے نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ اگر کسی نے نوکری بیچی تو وہ میری کابینہ کا وزیر نہیں رہے گا۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ معاشرے میں کرپشن ختم کرنے کے لیے ساتھ دیں، میرٹ کی پامالی ہونے نہیں دیں گے۔