وائٹ پیپر شائع کرنے جا رہے ہیں، نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کیسے مینڈیٹ چھینا گیا، بیرسٹر گوہر

May 02, 2024

فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر شائع کرنے جا رہے ہیں، عوام کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کہ کیسے مینڈیٹ چھینا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی شفافیت پر آج ایک نکاتی ایجنڈا رکھنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری سے قبل پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، آج ہم الیکشن 2024 پر وائٹ پیپر جاری کرنے جارہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن ٹریبونلز میں 158 درخواستیں دائر کی ہیں۔ ہم بتائیں گے کہ کس طرح الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔ ہم قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیت چکے تھے، فارم 47 سے ہماری سیٹیں دوسروں کو دی گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، وہ پٹیشن بھی آج تک نہیں لگ سکی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی نشان چھین کر ہمیں میدان میں بھیجا گیا۔ ہم نے بائیکاٹ نہیں کیا اور پُرامن انداز سے حصہ لیا۔ فارم 47 بنا کر ہماری فتح کو شکست میں بدلا گیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنے اور الیکشن کی انکوائری کرے کہ کیسے پی ٹی آئی کو ہرایا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہہم چاہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات ہوں تاکہ آئندہ کوئی بھی دھاندلی نہ کرسکے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہماری چھینی گئی سیٹوں کی دستاویز ہمارے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فیئر الیکشن کےلیےل اربوں روپے دیے گئے تھے۔

انکا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ ہے کہ وہ استعفی دیں، الیکشن کمیشن نے عوام کی امانت میں خیانت کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پہلے آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں، ہم نے کے پی اور پنجاب سے استعفے دیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے استعفوں کے بعد 90 دنوں میں الیکشن نہیں کروائے گئے، 16 ماہ میں ملک کی معاشی لحاظ سے شدید تباہی ہوئی۔

انکا کہنا تھا کہ جب جنرل الیکشن کا اعلان ہوا تو امیدواروں سے کاغذات چھینے گئے، ہم نے آزاد حیثیت سے مختلف انتخابی نشانوں کے ذریعے الیکشن لڑا۔

شبلی فراز نے کہا کہ عام انتخابات میں ہم نے 3 کروڑ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، عوام نے ووٹوں کے ذریعے اپنا حق ادا کردیا۔ ہمارے ووٹ ہارنے والوں کے کھاتے میں ڈال کر انہیں جتوایا گیا۔