پاکستانی کرکٹرز کیلئے سال کے آخر میں افریقن سفاری کا انتظام، فل سیریز کا اعلان

May 04, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کر کٹ بورڈ نے ملکی کرکٹرز کیلئے سال کے آخر میں افریقن سفاری کا انتظام کرلیا، اس دوران فل سیریز کھیلی جائے گی۔قومی ٹیم رواں سال دسمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی یہ اس کا جنوبی افریقا کا ساتواں ٹور ہوگا۔ شیڈول جاری کردیا گیا۔ سیریز میں 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان ٹیم اس سال انتہائی مصروف سیزن میں آسٹریلیا کے دورے میں بھی 3 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی میچز جبکہ جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔ پاکستان رواں سال بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی بھی کرے گا۔ قومی ٹیم اگست 2024 سے جنوری 2025تک چھ ماہ کے عرصے میں سات ٹیسٹ، دس ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی کھیلی گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو دورے کے پروگرام کا اعلان کیا، ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ 10 سے 14 دسمبر تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17 سے 22 دسمبر تک پارل ، کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25کے دو ٹیسٹ میچز سنچورین ( 26 تا 30 دسمبر) اور کیپ ٹاؤن (3 تا 7جنوری) میں ہوں گے۔ پاکستان ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن روانہ ہوگی ۔آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ 8 جنوری کو ٹور مکمل کرنے کے بعد ٹیم ہوم گراؤنڈ میں تین ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی جس کے بعد پاکستان میں آٹھ ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہوگی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دوروں سے قبل پاکستان ، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب دو اور تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا۔