چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات لینے کی ہدایت

May 05, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فروری میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے لئےچیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم ،نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات جلد لینے کی ہدایت کردی ہے تاکہ گراؤنڈز اسٹیٹ آف دی آرٹ بن سکیں۔ہفتے کومحسن نقوی کی زیر صدارت میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی ا سٹیڈیم میں اجلاس ہوا جس میں میں ا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے تینوں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات جلد لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ تینوں ا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے کام میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے لہذااب اپ گریڈیشن کے کام کو بلاتاخیر آگے بڑھا جائے ۔انہوں نے اس ضمن میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔کمیٹی انفرااسٹرکچر،ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹرز پر مشتمل ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی قواعد و ضوابط کے تحت جلد ہائرنگ کے عمل کو یقینی بنائے گی۔کمیٹی انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی مشاورت سے تینوں اسٹیڈیمز میں عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی۔اپ گریڈیشن پلان کے تحت کارپوریٹ باکسزمیں ا سٹرکچرل تبدیلیاں کی جائیں گی اور سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔اسٹیڈیمز کے انکلوژرز میں نشتیں لگائی جائیں گی اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے ہر نشت کا نمبر ہوگا۔قذافی اسٹیڈیم کے مین گیٹ کے دو اطراف انکلوژرز میں نشتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نےا سٹیڈیمز میں ا سکور بورڈ اورلائیو اسٹریم کے لئےا سکرین تبدیل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ا سٹیڈیمز کی فلڈ لائٹس کو تبدیل کرنے کے لیے تحمینہ لگایا جائے۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر۔ چیف فنانشل آفیسر،ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ،ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔