یورپی سافٹ ویئر کمپنی کا کراچی میں ڈیٹا سینٹر قائم کرنے میں اظہار دلچسپی

May 05, 2024

اسلام آباد(آئی این پی ) ایک یورپی سافٹ ویئر کمپنی نے خطیر سرمایہ کاری کے ذریعے کراچی میں ڈیٹا سنٹر کے قیام کا ارادہ کیا ہے۔ چیک ریپبلک کی سافٹ ویئر کمپنی آئس وارپ نے پاکستان کی سافٹ ویئر کمپنی ہیگزالائز ی شراکت سے کراچی میں ڈیٹا سنٹر شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئس وارپ گلوبل کے چیف سیلز جان اربک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کی اعلی صلاحیت موجود ہے جو کہ سرکاری اداروں اور نجی اداروں میں وقوع پذیر ہو رہی ہیں ہم سستے حل کی فراہمی کے ذریعے پاکستان آئی ٹی مشن کی معاونت کریں گے۔ امریکی ویب پورٹل مائکرو سافٹ نیٹ ورک کے مطابق غیر ملکی کمپنیاں آہستہ آہستہ اپنے کاروبار پاکستان میں لارہی ہیں جس کی وجہ بڑھتی ہوئی صلاحیت، تربیت یافتہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے مواقع ہیں۔ آئس وارپ کی سرمایہ کاری کے باعث بہت سی صنعتوں، مالیاتی اداروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور سٹارٹ اپس کو سافٹ ویئر اور سائبر سکیورٹی کی خدمات کے حصول میں 60 فیصد تک کی بچت ہوگی۔ ان خدمات کے حصول کے ذریعے کارپوریٹ صارفین کو نہ صرف اخراجات میں کمی حاصل ہو گی بلکہ کم قیمت کی ادائیگی کے باعث انہیں قیمتی زرمبادلہ بچانے میں بھی مدد ملے گی۔