خیبر پختونخوا حکومت کا عالمی معیار کی معدنیات کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ

May 05, 2024

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے بین الاقوامی معیار کی منرل کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہوم ورک جلد مکمل کرکے معاملہ حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ معدنیات کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر معدنیات ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ، معاون خصوصی برائے صنعت ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ مذکورہ کمپنی کے قیام سے نہ صرف معدنیات کے شعبے کی سالانہ آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوسکے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں یہ کمپنی سرمایہ کاری کے موجودہ پیچیدہ پراسس کو آسان بنانے میں بھی مدد دے گی اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام درکار سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اجلاس میں معدنیات کے شعبے کے بہتر انتظام و انصرام کے لئے ریگولیٹری میکنزم کو مزید موثر بنانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لئے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کی جائیں گی اجلاس میں کان کنی کے روایتی طریقے کو ختم کرکے جدید میکینکل مائننگ متعارف کروانے کے لئے اقدامات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ وزیر اعلی نے جدید طرز پر کان کنی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کان کنی کے روایتی طریقے سے قیمتی معدنی وسائل کا ضیاع ہورہا ہے اور ہدایت کی کہ اس طریقے کو مکمل طور پر ختم کرنے اور اس کی جگہ میکینکل مائننگ متعارف کرانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں غیر قانونی مائننگ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے مائننگ پولیس کے قیام پر بلاتاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔