نگران وزیراعظم کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، احسن اقبال

May 05, 2024

شکرگڑھ (نامہ نگار ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ،نگران حکومت کا کام الیکشن کروانا تھا جسے اچھے طریقہ سے نبھایا،الیکشن کو تمام جماعتوں نے تسلیم کر لیا، اسمبلیوں نے حلف اٹھا لیا ،جس جماعت کا جہاں مینڈیٹ تھا وہاں حکومت بنا لی،اب کسی کو ایسی چیز اٹھانے کی ضرورت نہیں،ایسے معاملات اٹھانے سے ملک میں بد امنی اور انتشار پیدا ہوگا۔سینئر صحافی ملک یونس کی بیٹی ڈاکٹر رحما کی شادی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہمیں 2029تک اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق چلنا چاہیے،پاکستان کو معاشی چیلنجز کاسامنا ہے،جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں سیاسی استحکام اورپالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور اسحاق ڈار کی کابینہ میں شمولیت سے ن لیگ کی تقسیم کی افواہیں دم توڑ گئیں،وزیر اعظم کے معاشی بحالی کے فیصلوں کے پیچھے پوری ن لیگ کھڑی ہے۔گندم بحران ہمیں ورثہ میں ملی ہے،ہمارے گودام بھرے ہوئے ہیں،جب فصل مارکیٹ میں آئی تو اسی وقت کراچی میں جہاز لنگر انداز ہو گئے ،اس معاملے پر وزیر اعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کی ہے،اسکا انتظار کرنا چاہیے۔