پچھلے الیکشن کا تجربہ، بلدیاتی الیکشن میں فائدہ اٹھائیں گے، رانانذیر

May 05, 2024

لاہور(خصوصی رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود نے پریس کانفرنس میں کہاکہ دو ماہ کے اندر استحکام پاکستان پارٹی کو تحصیل و یونین کونسلز کی سطح پر فعال کرنا اور تنظیمی ڈھانچے کو تشکیل دینا پہلا ہدف ہے۔ رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ ہم نے بھی فروری کے انتخابی نتائج سے بہت کچھ سیکھا ہے اوراس تجربے سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں ہر نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی بھر پور نمائندگی ہو گی اور ہماری جماعت ہر یونین کونسل سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی ۔ استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے کہا کہ ہماری پارٹی پاکستان کے استحکام کے لئے بنی ہے اور ہم فساد اور تفرقے کی بجائے امن و استحکام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں میاں خالد محمود نے کہا کہ آئی پی پی کو اگر موقع ملتا تو منشور پر مکمل عملدرآمد ہوتا نظر آتا۔