خود کش بمبار کے والد اور بھائیوں کے ہوش ربا انکشافات منظرعام پر

May 06, 2024

راولپنڈی ( آن لائن ) خود کش بمبار کے والد اور بھائیوں کے ہوش ربا انکشافات منظر عام پر آگئے،وزیرستان کا 17 سالہ نوجوان نظام الدین بھی ٹی ٹی پی خوارج کے ہتھے چڑھ گیا، دہشتگرد کے والد اور بھائی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹے کی غلطی سے خاندان تباہ ہوگیا،ٹی ٹی پی نے پیسے دیکر ورغلایا۔ دہشتگردی کسی بھی معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے ،مذہب سے باغی، وطن کی محبت سے عاری اور انسانیت کے قاتل دہشتگرد معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر اپنے شکنجوں میں جڑ لیتے ہیں ،دہشتگرد نظام الدین کو 17اگست 2023کو پاک فوج پر خودکش حملے کے لیے استعمال کیا گیا ،شناخت ہونے کے بعد اس کے والد اور بھائیوں کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ،دہشتگرد نظام الدین کے والد کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہماری نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں،بیٹے کی اس غلطی کی وجہ سے آج خاندان کا روزگار چھن چکا، رشتے ناطے اور تعلق بھی ٹوٹ گئے،میرے بیٹے کو افغانستان لے جایا گیا جہاں اسے غلط تربیت دی گئی، نظام الدین کے اس عمل سے آج ہماری کوء عزت نہیں رہی،بعد ازاں بمبار کے بھائی نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے میرے بھائی کو پیسے کا لالچ دے کر ورغلایا گیا اور اسے ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا۔