سکھر‘ ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ‘ ڈرائیور اغواء‘ کچے میں لے گئے

May 06, 2024

سکھر(این این آئی)سکھر میں ملتان موٹروے پر پنوعاقل کے قریب ڈاکوؤں کا بائیجی پولیس چوکی پر حملہ ،ڈاکوؤں نے سکھر سے پنجاب جانے والی مزدا کے ڈرائیور کو اغوا کرلیا جبکہ مزدامیں سواردو افراد نے بھاگ کر جان بچائی ،رات دیر گئے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہاجبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔پولیس کے مطابق ڈاکو مزدا ڈرائیور لال بخش کو اغوا کر کے کچے کی طرف لے گئے ہیں‘ پولیس پارٹی ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہی ہے‘ پولیس ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی میں ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ بھاگ کر جان بچانے والے دو افراد کو پولیس نے تفتیش کے بعد گھر روانہ کردیا ہے۔ڈاکو کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچنگ آپریشن کیا جارہا ہے۔