ورلڈ کپ لاؤ، کروڑ پتی بن جاؤ، پی سی بی کی پیشکش (فی کس 1۔۔ لاکھ ڈالر )

May 06, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے پر قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی کروڑ پتی بن جائے گا۔ کھلاڑیوں کو ڈالرزمیں انعامات ملیں گے۔ یہ اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے روانگی سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھلاڑیوں سے ملاقات میں کیا۔ بعد میں کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک لاکھ ڈالرز انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہئے، جیت آپ کیلئے اور ہار میرے لیے ہو گی۔ کسی کی پرواہ نہ کریں، صرف پاکستان کیلئے کھیلیں ، انشاللہ فتح آپ کے قدم چومے گی۔ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، امید ہے کھلاڑی کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں اور بھرپور مقابلہ کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی متحد اور اکٹھے ہیں، شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے، قوم کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، آپ نے پورا اترنا ہے۔