خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں

May 06, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جو رواں سال اکتوبر میں بنگلہ دیش میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک ہو گا۔ سیمی فائنلز اور فائنل ڈھاکا میں شیڈول ہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 6 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سلہٹ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر ون کے ساتھ شامل ہے جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش اور کوالیفائر ٹو شامل ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان کا 8 اکتوبر کو آسٹریلیا، 11 کو کوالیفائر ون اور 13 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ شیڈول ہے۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنے مہم چار اکتوبر کو کوالیفائر ٹیم ون کے خلاف سلہٹ میں کریگی، اسے ریکارڈ چھ بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ افتتاحی روز تین اکتوبر کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا جبکہ میزبان بنگلہ دیش اور کوالیفائر ٹیم ٹو ڈھاکا میں مدمقابل ہونگی۔