حماس نے اسرائیل کو غزہ پر جنگیں مسلط کرنے کے تمام مواقع فراہم کیے، محمود حباش

May 06, 2024

محمود حباش( فائل فوٹو)۔

فلسطینی صدر کے مشیر محمود حباش نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ حماس بھی رفح کی صورتحال کی ذمہ دار ہے۔

رام اللّٰہ میں العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمود حباش نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر جنگیں مسلط کرنے کے تمام مواقع اور وجوہات فراہم کیں۔

انھوں نے کہا کہ غزہ کے عوام حماس کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔

فلسطینی صدر کےمشیر نے کہا کہ غزہ کے عوام حماس کی احمقانہ مہم جوئی کی بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ حماس کو قیدیوں سے زیادہ اپنی بقاء کی فکر لاحق ہے۔

محمود حباش نے کہا کہ اسرائیل حماس کو جڑ سے ختم نہیں کرنا چاہتا۔

انھوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ غزہ کی مکمل تباہی کے بعد حماس رفح آپریشن کیلئے تیاری کا دعویٰ کیسے کر رہی ہے۔