صوبے میں موجود گندم اگلے پورے سال کیلئے کافی ہے: وزیرِ خوراک پنجاب

May 07, 2024

—فائل فوٹو

پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 23 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کیری فارورڈ اسٹاک موجود ہے، موجودہ گندم اگلے پورے سال کے لیے کافی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ نگراں دور میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشت کار کے لیے بحران پیدا ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ معاملے پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو جلد رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیرِ خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ حکومت رپورٹ پبلک کرنے اور ذمے داروں کے خلاف ایکشن لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 1 ماہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے سستا ہوا،20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1700 سے 1800 روپے میں دستیاب ہے۔

وزیرِ خوراک پنجاب بلال یاسین نے یہ بھی کہا ہے کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 900 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ پنجاب بھر میں روٹی اور نان کم کی گئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیاب ہیں۔