امریکا، ٹریفک حادثے میں جاں بحق پاکستانی امریکن نوجوان سپردخاک

May 08, 2024

کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلیس میں ٹریفک حادثےمیں جاں بحق پاکستانی امریکن نوجوان کو سپردخاک کردیا گیا، انتہائی ذہین نوجوان کی ناگہانی موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوحہ حسین نقوی کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے، ان کی عمر 20 برس تھی، وہ کالج سے موٹر سائیکل پر گھر آرہے تھے کہ گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

نوحہ حسین نقوی کی تدفین سنی سلوپ قبرستان میں کی گئی جس میں مختلف ریاستوں سے آئے ان کے عزیز و اقارب شریک ہوئے۔

ان کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ کراچی کلب لاس اینجلیس کے صدر عدنان نقوی کے بیٹے تھے، ان کے آباؤ اجداد کا تعلق کراچی ہی سے تھا۔

نوحہ حسین نے انتقال سے چند ہی روز پہلے مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی تھی اور انہیں 2 ہفتے بعد ڈگری ملنا تھی۔

سابق وفاقی وزیر بابر غوری نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قابل نوجوان کی ناگہانی موت سے پوری کمیونٹی کو صدمہ پہنچا ہے۔