میں کبھی گورنر راج نہیں لگاؤں گا، فیصل کریم کنڈی

May 10, 2024

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں کبھی گورنر راج نہیں لگاؤں گا، میں اپنے صوبے کی جنگ وفاق میں لڑوں گا، صوبائی حکومت کو کہا کہ آئیں ایک فورم پر مل کر صوبے کے حقوق کیلئے لڑتے ہیں۔

ڈی آئی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ ویسے سبق نہیں سیکھیں گے، لتر لگنا ضروری ہیں، میں سلطان راہی کی طرح بیان نہیں دوں گا، کل علی امین نے گورنر ہاؤس پر قبضہ کی بات کی، میں آج تمہیں چیلنج دیتا ہوں، کل آؤ قبضہ کرو، میں تمہیں سڑکوں پر گھسیٹوں گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ باتیں کرتے تھے، اب پانچ سال کیلئے روزے رکھیں، ان کے ساتھ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو پراپر فورم پر آئیں، میرے دروازے اپنوں اور مخالفین سب کیلئے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا جمہوریت بہترین انتقام ہے، پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ ورکروں کو آگے لاتی ہے، پیپلز پارٹی نے ایک ورکر کو وفا کا صلہ دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ میں بلاول بھٹو زرداری نے علی امین کو کھانا بھجوایا، سکھر میں تین وقت کا کھانا خورشید شاہ کی طرف سے آیا کرتا تھا۔