وفاق کو مضبوط کرنے کی سیاست سب کی ضرورت ہے، راجا پرویز اشرف

May 11, 2024

سابق اسپیکر اور صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وفاق کو مضبوط کرنے کی سیاست سب کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ تنظیمی معاملات سے متعلق تبدیلی معمول کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دوستوں کی مشاورت سے تنظیمی امور میں تبدیلی لائیں گے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کی کمزوری کا تاثر دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ وفاق کو مضبوط رکھنے کی سیاست کرنے کی ضرورت ہے، ہم تجربہ کار اور نوجوان قیادت کا گلدستہ پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل 100 دن میں مکمل کرکے خواتین کو سیاسی لحاظ سے مزید متحرک کریں گے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم کارکردگی کی بنیاد پر عہدے دیں گے ، سیاست کا مقصد ایک دوسرے کو نیچا دکھانا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے کچھ کرنا ہے تو کشیدگی اور محاذ آرائی ختم کرنا ہو گی ، ملکی سیاست میں تناؤ ختم ہونا چاہیے۔

راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کے بیانات اچھے تھے ، فیصل واوڈا کے ساتھ ایڈ جسٹمنٹ ہوئی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کےسواکوئی طاقت نہیں ،ہم کسی اورطرف نہیں دیکھتے ،طلبہ یونینوں کو بحال ہونا چاہیے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ،وہ حکمران اتحاد میں پک کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سردار سلیم حیدر کے باعث دونوں جماعتوں کےساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہو گی ۔