بوئنگ طیارے کی انجن میں آگ لگنے پر انڈونیشیا میں ہنگامی لینڈنگ

May 17, 2024

امریکی کمپنی بوئنگ کا ایک اور طیارہ دوران پرواز حادثے کا شکار ہوگیا، طیارے کو انجن میں آگ لگنے کی وجہ سے انڈونیشیا میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس طیارے میں کل 468 مسافر سوار تھے جو جنوب مشرقی ایشیائی ملک مکاسر سے سعودی عرب جا رہے تھے۔

ایئر لائن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی شام 5 بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔

جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں قریب میں موجود ایک شخص نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جو وائرل ہو گئی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بوئنگ 747-400 طیارے کو اس وقت آگ لگ گئی جب اس کے پہیے رن وے سے ہٹ رہے تھے لیکن خوش قسمتی سے طیارے کا پائلٹ طیارے کو واپس ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔

انڈونیشین حکّام نے میڈیا کو بتایا کہ’انجن کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پائلٹ ان کمانڈ نے پرواز کے فوراً بعد ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا‘۔

رپورٹ کے مطابق، اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور حکّام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

امریکی ریاست ورجینیا میں قائم کمپنی اپنے کئی طیاروں کے یوں حادثات کا شکار ہونے کے بعد مشکل میں پڑگئی ہے کیونکہ کمپنی کے جہازوں کے معیار پر کئی طرح کے سوالات اُٹھ رہے ہیں۔

گزشتہ روز امریکی محکمۂ انصاف نے کہا تھا کہ ادارہ اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا بوئنگ کمپنی کے 737 میکس طیارے کے دو مہلک حادثات پر مقدمہ چلایا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ایک بوئنگ طیارہ 2018 ء میں انڈونیشیا میں جبکہ دوسرا 2019ء میں ایتھوپیا میں حادثے کا شکار ہوا جن میں کل 346 افراد ہلاک ہوئے تھے۔