تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پانچ بڑوں کی ملاقات ہوجائے تو پھر تو جھگڑا ہی ختم ہو جائے، ہو سکتا ہے کہ آج نہیں تو کل ایسا ہوجائے، سیاست میں دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کو سیاسی مخالفین تک رکھنا چاہیے، ریاستی اداروں کے خلاف کردار کشی کی مہم بند ہونی چاہیے۔
ملک عامر ڈوگر اور ن لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں شرکت کی۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ اعتماد سازی کے لیے بانی سے ہمارے اتحادی ایم ڈبلیو ایم کے راجا ناصر عباس اور تحفظ آئین پاکستان کے محمود خان اچکزئی کی ملاقات کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ آگے بڑھیں اور ایسا ماحول پیدا کریں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان سے زمینی حقائق پر بات اور مشاورت کرنے دیں۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے، اس پیشکش پر اللّٰہ کرے کوئی راستہ نکل آئے۔