روس نے شہر خارکیف میں 9 قصبوں پر قبضہ کرلیا

May 19, 2024

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے یوکرین کے شمالی شہر خارکیف میں 9قصبوں پرقبضہ کرلیا، جب کہ ولچانسک شہر کے مغرب اور شمال سے بھی یوکرینی فوج پسپائی پرمجبور ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خارکیف ریجن کا دورہ کیا۔ انہوں نے یورپ کوخبردار کیا کہ اگر فوری طورپر 2پیٹریاٹ نظام نہ دیے گئے توپورا خارکیف روس کے قبضے میں چلا جائے گا۔ ادھر روس کی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دیمتری میدودیف نے اپنے بیان میں صدر زیلنسکی کے دورے کو الوداعی دورہ قرار دیا۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے روسی ہم منصب کو یقین دلایا ہے کہ دنیا میں انصاف کے حصول کے لیے چین ہر صورت روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور روس کے تعلقات امن کے لیے سازگار ہیں ۔ اس موقع پر روسی صدر نے اپنے چینی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات موقع پرستی نہیں اور نہ ہی کسی کے خلاف ہیں۔