برطانوی وزیر اعظم رشی سونک، اہلیہ اکشتا مورتی کنگ چارلس سے بھی زیادہ امیر نکلے

May 22, 2024

فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا

برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک اور اُن کی اہلیہ اکشتا مورتی نے دولت مند ہونے کی دوڑ میں برطانوی بادشاہ، کنگ چارلس کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا ’دی مرر‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق رشی سونک اور اُن کی اہلیہ اکشتا مورتی کی دولت کا زیادہ تر حصہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کنسلٹنگ کمپنی ’انفوسس‘ میں حصہ داری پر مبنی ہے۔

غیر ملکی جریدے ’سنڈے ٹائمز رچ لسٹ‘ میںتازہ ترین فہرست جاری کی گئی ہے، یہ لسٹ امیر ترین برطانیہ میں مقیم 1,000 افراد یا خاندانوں پر مرتب کی گئی ہے۔

اس انڈیکس کے مطابق رشی سونک اور ان کی اہلیہ کی ذاتی دولت میں گزشتہ سال کے دوران 120 ملین پاؤنڈز سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

برطانوی بادشاہ چارلس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اس جوڑے کی دولت گزشتہ سال کے 529 ملین پاؤنڈ سے 2024 میں 651 ملین پاؤنڈ تک پہنچ گئی ہے۔

ہزار امیر ترین لوگوں کی جاری کی گئی اس فہرست میں رشی سونک 245 ویں نمبر جبکہ کنگ چارلس 258 ویں نمبر پر موجود ہیں جن کی اسی عرصے میں دولت 600 ملین سے بڑھ کر 610 ملین پاؤنڈز ہو گئی ہے۔

’دی مرر‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جوڑے کی خوش قسمتی سے بڑی حد تک دولت انفوسس کمپنی میں اکشتا مورتی کی حصہ داری پر مبنی ہے جس کی بنیاد ان کے والد نارائن مورتی نے رکھی تھی۔

دوسری جانب برطانیہ میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سونک کی دولت بھی 2022ء میں آنجہانی برطانوی ملکہ کی دولت سے زیادہ تھی۔

’دی مرر‘ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بادشاہوں کی ذاتی دولت کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ بادشاہوں کی ملکیت وسیع پیمانے پر ہوتی ہے جس میں مختلف ممالک اور محلات شامل ہیں، ان کا تخمینہ درجنوں ارب پاؤنڈ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے وزیر اعظم 35 سالہ تاریخ میں ’سنڈے ٹائمز‘ کی سالانہ دولت مندوں کی فہرست میں شامل ہونے والے پہلے صف اول کے سیاستدان بھی بن گئے۔

اس فہرست میں رشی سونک کو 2022ء میں بھی بطور چانسلر شامل کیا گیا تھا جب ان کے خاندان کی دولت کا تخمینہ 730 پاؤنڈز ملین لگایا گیا تھا۔