رؤف حسن پر حملے کی ویڈیو، تصاویر سے شناخت ہو رہی ہے، وزیر قانون

May 22, 2024

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما رؤف حسن پر حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو اور تصاویر سے حملہ آوروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رؤف حسن اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے پاس حملہ آوروں سے کوئی ثبوت ہو تو شیئر کریں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رؤف حسن کے بیان کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ حملے کی تحقیقات پر شک نہ کیا جائے، معاملے پر کمیٹی بھی بنا دی ہے۔

دوسری جانب رؤف حسن پر حملہ کرنے والے خواجہ سراؤں کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس نےخواجہ سراؤں کے گرو سے مدد مانگ لی۔

پی ٹی آئی رہنما پر حملے کا خواجہ سراؤں نے الزام مسترد کردیا، خواجہ سرا کمیونٹی کی عہدیدار نایاب علی نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی باڈی لینگویج خواجہ سراؤں جیسی نہیں، حملہ آورخواجہ سرا نہیں لگتے، یہ خواجہ سراؤں کی کمیونٹی کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں نامعلوم خواجہ سراؤں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔