پنجاب: پرائس کنٹرول کمیٹی نظام کو نئی شکل دینے کا فیصلہ

May 26, 2024

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز—ـ فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع محکمۂ صنعت و تجارت کے مطابق مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے نرخوں پر عمل درآمد نہیں کروایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بازاروں میں کھانے پینے کی چیزیں سرکاری نرخ پر نہیں مل رہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے نظام کو نئی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ صرف ایک افسر کو منہگائی کا ذمے دار قرار دیا جائے گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پھل اور سبزیاں سرکاری قیمت سے 30 فیصد زائد قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، آم 145 کے بجائے 250، آڑو 130 کے بجائے 200 روپےکلو اور لوکاٹ 120 کے بجائے 225 فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ خربوزہ 70 کے بجائے100، تربوز 30 کے بجائے59 روپے کلو، لیموں 400 کی بجائے 600 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق منہگائی کی اصل وجہ آڑھتی اور افسر شاہی کا نظام ہے۔