جو بائیڈن کی غیر مرئی مخلوق سے گفتگو کرتے ویڈیو وائرل

June 14, 2024

فوٹو بشکریہ ایکس

امریکی صدر جوبائیڈن کی غیر مرئی شخص سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

جو بائیڈن کی اٹلی میں منعقد ہونے والے جی 7 سربراہی اجلاس سے کچھ عجیب وغریب ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی صدر مسکراتے ہوئےآہستہ آہستہ عالمی رہنماؤں کے ایک گروپ سے الگ ہو کر چند فٹ چلنے کے بعد پُرجوش انداز میں کسی غیر مرئی شخص سے اشارتاََ گفتگو کرنے لگتے ہیں۔

جیسے ہی اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی اُنہیں ایسا کرتے ہوئے دیکھتی ہیں تو فوری طور پر اُنہیں واپس عالمی رہنماؤں کے گروپ کے پاس لے کر آتی ہیں۔

ایک اور وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جو بائیڈن اسٹیج پر اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے گلے ملتے ہیں اور چند لمحوں تک دونوں ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں اور پھر اچانک جو بائیڈن انتہائی عجیب و غریب انداز میں جارجیا میلونی کو سلیوٹ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر کی اس سے پہلے بھی غیر مرئی شخص سے گلے ملنے ہوئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔