پاکستان پہلا ملک جہاں سکھ میرج ایکٹ لاگو ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

June 17, 2024

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان پہلا ملک جہاں سکھ میرج ایکٹ لاگو ہے جبکہ سکھ یاتریوں نے کہا کہ انتظامات پرشکر گزار ہیں، سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن( جوڑ میلہ) کی دعائیہ تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ،پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران، متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری محمد عبداللہ، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ، سائیں میاں میر کے گدی نشین سائیں علی رضا قادری ،بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں سمیت سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر یاتریوں کی بھرپور مہمان نوازی اور سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ،سکھ یاتریوں نے مختلف گردواروں کا دورہ کیا اور اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی احسن طریقے سے کی، پاکستان پہلا ملک بن چکا ہے جدھر سکھ میرج ایکٹ لاگو ہے اور یہ سکھ برادری کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے انہوں نے کہا کہ جہلم میں گوردوارہ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا ہے جبکہ فیصل آباد میں بھی گوردوارہ کھولنے جا رہے ہیں ،پنجاب حکومت ، سکھ مذہب کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے ، کرتار پور راہدری سے سکھ برادری بھرپور فائدہ اٹھائے، بھارت سے آئے سکھ یاتری سردار گورو بچن سنگھ نے کہا کہ ہمارا بھرپور خیال رکھا گیا جس پر ہم پنجاب حکومت کے شکر گزار ہیں،صوبائی وزیر کی خدمات پر انہیں سروپا پہنایا گیا۔